June 1, 2026
Waqt ki Ahmiyat

حضرت داؤد طائی رحمۃ اللہ علیہ روٹی پکا کر کھانے کے بجائے ستو پانی میں گھول کر پی لیا کرتے تھے ان سے جب دریافت کیا گیا کہ اس کی کیا وجہ ہے؟ تو فرمایا کہ آٹا گھول کر پینے میں روٹی پکا کر کھانے کی نسبت اتنا وقت بچ جاتا ہے کہ اس میں آیتیں تلاوت کر لیتا ہوں۔ پھر اتنا وقت روٹی پکا کر کھانے میں کیوں صرف کروں۔ پیٹ تو یوں بھی تسکین پا لیتا ہے۔

بیشک ! یہی وہ لوگ تھے جنہوں نے وقت کی قدر کی اور زندگی کا ایک ایک لمحہ اللہ تعالیٰ کی یاد اور ذکر رسولﷺ سے مزین کیا۔

اے رضائے الٰہی کے طلبگارو! اگر ہم عقلمند ہیں اور سمجھدار ہیں تو وقت کو برباد نہ کریں کیونکہ ایک ساعت کی بربادی سے جو نقصان ہوتا ہے وہ دنیا کی دولت بھی پورا نہیں کر سکتی اور یہ کمی کبھی پوری نہیں ہوتی۔ سچ کہا ہے کسی نے کہ وقت کو ضائع کر دینا ایک طرح کی خود کشی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ خود کشی انسان کو ہمیشہ کیلئے زندگی سے محروم کر دیتی ہے اور وقت کا ضائع کرنا ایک محدود مدت تک انسان کومردہ کر دیتا ہے۔ یہی دن، یہی گھنٹے، یہی منٹ، یہی ساعتیں جو غفلت اور لا یعنی گفتگو، بے مقصد کاموں میں ہم گزار دیتے ہین اگر ہم حساب کریں تو زندگی میں ان کی مجموعی تعداد مہینوں بلکہ سالوں تک پہنچتی ہے۔ اگر کسی سے کہا جائے کہ تیری زندگی سے پانچ سال کم کر دیئے گئے ہیں تو اسے کتنا افسوس ہوگا۔ لیکن اے نادان انسان! تو غور تو کر ……….سوچ تو ذرا ……….کہ روزانہ کتنے فضول کاموں میں، بیکار گفتگو میں، بیکار بیٹھ کر تو اپنی زندگی کے کتنے مہینوں بلکہ کتنے سالوں کو ضائع کر رہا ہے ……….تجھے احساس نہیں ……….پس اگر کامیاب انسان بننا چاہتا ہے اور آخرت کی زندگی آرام سے بسر کرنا چاہتا ہے تو اپنے وقت کا نگہبان بن جا اور وقت کی قدر کر۔

5 thoughts on “وقت کی اہمیت – Time Management

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *